پاڑہ چنار : ضلع کرم کے عوام کے لیے بڑی خوشخبری، پاک فوج اور فرنٹئیر ورکس آرگنائزیشن (FWO) کی مشترکہ کوششوں سے طویل عرصے سے غیر فعال پاڑہ چنار ایئرپورٹ کو دوبارہ آپریشنل کر دیا گیا ہے۔ ایئرپورٹ کی جدید خطوط پر اپ گریڈیشن کے بعد گزشتہ روز کامیاب لینڈنگ اور ٹیک آف ٹرائلز کا انعقاد کیا گیا۔
ایئرپورٹ کو پروازوں کے لیے موزوں بنانے کے بعد سیکیورٹی اور تکنیکی ماہرین کی نگرانی میں اہم تجربات کیے گئے۔ پاک آرمی ایوی ایشن نے مجموعی طور پر 6 بار طیاروں کی کامیاب لینڈنگ اور ٹیک آف کے مراحل مکمل کیے۔ماہرین نے ایئرپورٹ کے رن ویز کا باریک بینی سے معائنہ کرنے کے بعد انہیں بین الاقوامی سیفٹی اسٹینڈرڈز اور اعلیٰ معیار کے مطابق قرار دے دیا ہے۔
ایئرپورٹ کی بحالی سے علاقے میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔پاک فوج اور ایف ڈبلیو او کی اس کاوش سے دور افتادہ سرحدی علاقے کا ملک کے دیگر حصوں سے رابطہ تیز اور آسان ہو جائے گا۔ ایئرپورٹ فعال ہونے سے قدرتی آفات یا میڈیکل ایمرجنسی کی صورت میں فوری امدادی کارروائیاں ممکن ہو سکیں گی۔
اہلِ علاقہ نے پاڑہ چنار ایئرپورٹ کو ریکارڈ مدت میں فعال کرنے پر پاک فوج اور ایف ڈبلیو او کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف سفری سہولیات میسر آئیں گی بلکہ مقامی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔