ٹرمپ کی سوشل میڈیا پوسٹ نے دنیا کو حیران کر دیا، ایرانی کشتیوں کی تباہی والی اے آئی تصویر پر ‘الوداع’ لکھ دیا

ٹرمپ کی سوشل میڈیا پوسٹ نے دنیا کو حیران کر دیا، ایرانی کشتیوں کی تباہی والی اے آئی تصویر پر ‘الوداع’ لکھ دیا

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے خاتمے اور ممکنہ امن معاہدے کے اعلان سے قبل سوشل میڈیا پر جنگی مناظر سے لیس ایک اے آئ تصویر شیئر کر کے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ صدر ٹرمپ کی جانب سے پوسٹ کی گئی اس تصویر پر ہسپانوی زبان کا لفظ ’Adios‘ لکھا ہے، جس کے معنی ’الوداع‘ کے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق امریکی صدر نے تہران اور واشنگٹن کے درمیان جنگی صورتحال سے متعلق آج ایک اہم اور فیصلہ کن ڈیل کا اعلان کرنا تھا۔ تاہم، اس باقاعدہ اعلان سے کچھ دیر قبل انہوں نے انٹرنیٹ پر کمپیوٹر کی مدد سے تیار کردہ ایک تصویر شیئر کی، جس میں سمندر کے اندر ایرانی بحری کشتیوں کو نشانہ بناتے ہوئے اور انہیں تباہ ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

سفارتی ماہرین اور بین الاقوامی مبصرین صدر ٹرمپ کے اس اقدام کو انتہائی اہم قرار دے رہے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی تیز رفتار سفارتی پیشرفت کے باعث یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ دونوں ممالک اب ایک مثبت کثیر الجہتی معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ ایسے میں صدر ٹرمپ کی جانب سے جنگی مناظر پر ‘الوداع’ لکھنے کا بظاہر یہی مطلب نکالا جا رہا ہے کہ خطے سے اب جنگ کے بادل چھٹ چکے ہیں اور دونوں ممالک کے مابین جنگ بندی کا باقاعدہ معاہدہ طے پا گیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے اس سلسلے میں تفصیلی اعلامیہ جلد متوقع ہے۔