واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تمام مسلمان ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے ‘ابراہیمی معاہدے’ پر دستخط کریں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ٹرتھ سوشل’ پر جاری کردہ اپنے ایک حالیہ بیان میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ خطے میں پائیدار امن اور ترقی کے لیے تمام مسلمان ممالک کو اس معاہدے کا حصہ بننا چاہیے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں خاص طور پر ایران کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران ہمارے ساتھ جاری مذاکرات یا معاہدے کے بعد ابراہیمی معاہدے پر بھی دستخط کر دیتا ہے، تو یہ ایک بہت بڑا اعزاز اور تاریخی پیش رفت ہوگی۔
واضح رہے کہ ابراہیمی معاہدہ ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے دورِ صدارت میں شروع کیا گیا تھا، جس کے تحت چند عرب ممالک نے اسرائیل کے ساتھ سفارتی اور تجارتی تعلقات قائم کیے تھے، اور اب امریکی صدر اس کا دائرہ کار تمام مسلم ممالک تک پھیلانے کے خواہشمند ہیں۔