وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا پولیس ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ، بنوں کے 15 شہدا کے لواحقین سے ملاقات

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا پولیس ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ، بنوں کے 15 شہدا کے لواحقین سے ملاقات

پشاور: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پشاور میں پولیس ہیڈ کوارٹرز کا اہم دورہ کیا۔ دورے کے دوران وزیر داخلہ نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور ملک و قوم کی خاطر جانیں قربان کرنے والے پولیس کے عظیم شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے خاص طور پر بنوں میں دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے شہید ہونے والے 15 پولیس اہلکاروں کے خاندانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے شہید پولیس اہلکاروں کی ماؤں، بچوں اور دیگر لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور انہیں دلاسہ دیا۔ اس موقع پر شہدا کی ماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا  آپ جیسی باہمت ماؤں کا حوصلہ دیکھ کر ہمارا عزم مزید مضبوط ہوا ہے۔ آپ کے شیر دل بیٹوں نے جوانمردی کی اعلیٰ مثال قائم کر کے شہادت کا عظیم رتبہ پایا، اور پوری قوم ان کی اس لازوال قربانی کو زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔
 بعد ازاں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کا ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں صوبے کی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر داخلہ نے بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سی ٹی ڈی کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا نے خوارجیوں کے خلاف انتہائی کامیاب کارروائیاں کی ہیں، اور ان کی استعداد کار کو مزید بڑھانے کے لیے وفاقی حکومت پورا تعاون کرے گی۔
کے پی سیف سٹیز پراجیکٹ کا دورہ: اپنے دورے کے آخری مرحلے میں وزیرداخلہ محسن نقوی نے کے پی سیف سٹیز پراجیکٹ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے اینٹی گریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا تفصیلی معائنہ کیا اور جدید مانیٹرنگ نظام کا جائزہ لیتے ہوئے سیکیورٹی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔