اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا اور وہاں جاری مختلف ترقیاتی و تربیتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ دورے کا مقصد پولیس افسران کی تربیت کے لیے فراہم کردہ سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کرنا تھا۔
وزیر داخلہ نے اکیڈمی میں زیر تعمیر کثیر المنزلہ ہاسٹل کے منصوبے کا معائنہ کیا۔ انہوں نے تعمیراتی کام کی رفتار کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ رہائشی منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے تاکہ زیر تربیت افسران کو رہائش کے حوالے سے بین الاقوامی معیار کی سہولیات میسر آ سکیں۔
محسن نقوی نے اکیڈمی کے ماڈل روم کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے ماڈل روم کے ڈیزائن اور معیار کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس کی تربیت میں جدید ماڈلز اور ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ماڈل روم کو مزید اپ گریڈ کرنے کی خصوصی ہدایات جاری کیں۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے اکیڈمی میں جاری تعلیمی اور پیشہ ورانہ تربیتی کورسز پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس فورس کو جدید چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بہترین تربیتی ماحول فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ نیشنل پولیس اکیڈمی کو ایک رول ماڈل ادارے کے طور پر مزید بہتر بنایا جائے گا۔اکیڈمی کے اعلیٰ حکام نے وزیر داخلہ کو جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی، جس پر محسن نقوی نے کام کی رفتار کو تیز کرنے کے احکامات جاری کیے۔