اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے خیبر پختونخوا حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں گورننس نام کی کوئی چیز نہیں اور بدعنوانی عروج پر پہنچ چکی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر جاری اپنے ایک سخت بیان میں وفاقی وزیر نے صوبائی کابینہ کی تعداد میں حالیہ اضافے پر شدید اعتراض اٹھایا۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ خیبر پختونخوا کابینہ میں وزرا اور مشیران کے انتخاب کا معیار صرف اور صرف نااہلی ہے، اس کے علاوہ کوئی میرٹ نظر نہیں آتا۔
صوبائی حکومت کے اخراجات پر سوال اٹھاتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھاخیبر پختونخوا میں شاہانہ اخراجات اور سیاست پر عوامی پیسہ بے دردی سے خرچ کیا جارہا ہے۔ صوبے کے معاملات تاریخ میں اتنے برے کبھی نہیں تھے جتنے اب نظر آ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو گورننس گزشتہ 12 سال سے زائد عرصے میں بہتر نہ ہو سکی، کیا اب کابینہ کی تعداد بڑھانے سے اس میں کوئی بہتری آئے گی؟ وفاقی وزیر نے الزام عائد کیا کہ صوبے کے عوام کے وسائل کو عوامی فلاح و بہبود پر لگانے کے بجائے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔