اسلام آباد :وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران اور امریکہ کے درمیان ہونے والے تاریخی اسلام آباد مذاکرات کے دوران سکیورٹی اور سول اداروں کی غیر معمولی کارکردگی کی بھرپور ستائش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کی مربوط حکمتِ عملی اور انتھک محنت کی بدولت یہ اہم عالمی ایونٹ محفوظ اور منظم انداز میں اختتام پذیر ہوا۔
وزیر داخلہ نے سکیورٹی انتظامات میں شامل تمام فورسز کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا پاک فوج، پنجاب رینجرز اور پنجاب پولیس نے بہترین پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی۔
موٹروے پولیس، فیڈرل کانسٹیبلری (FC) اور سی ڈی اے سمیت تمام سول اداروں نے اپنی ذمہ داریاں نہایت احسن طریقے سے نبھائیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ان مذاکرات کی حساسیت کے پیشِ نظر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے ۔ مربوط سکیورٹی پلان کی بدولت یہ اہم مذاکرات محفوظ، پُرامن اور انتہائی منظم ماحول میں مکمل ہوئے۔ تمام اداروں کے درمیان بہترین ہم آہنگی نے ثابت کر دیا کہ پاکستان کسی بھی بڑے عالمی ایونٹ کی میزبانی کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
وزیر داخلہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ قوم اپنی سکیورٹی فورسز کی انتھک محنت، لگن اور قربانیوں پر فخر کرتی ہے۔ انہوں نے تمام اہلکاروں اور افسران کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے دن رات ایک کر کے ملک کے وقار میں اضافہ کیا اور بین الاقوامی وفود کو ایک پرامن ماحول فراہم کیا۔