اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور قطر کے وزیراعظم کے درمیان ٹیلی فون پر اہم رابطہ ہوا ہے، جس میں علاقائی صورتحال اور خطے میں پائیدار امن کے لیے جاری کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے امن عمل کی کامیابی کے لیے تمام متعلقہ فریقین کے مابین تعمیری روابط اور مثبت مکالمے کی اہمیت پر خصوصی زور دیا۔
نما ئندہ نیو نیوز اسلام آباد جاوید نور کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور قطر کے درمیان موجود گہرے برادرانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے امن اقدامات کے لیے قطر کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کی جڑیں انتہائی گہری ہیں اور پاکستان ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے ریاست قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے لیے تہنیتی پیغام بھیجا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ امیرِ قطر کے آئندہ دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس دورے کے نتیجے میں پاک قطر پائیدار شراکت داری کو نئی وسعتیں ملیں گی اور دونوں ممالک کے مابین تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔