اسلام آباد:نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ اس اہم گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
کویتی وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان، فیلڈ مارشل اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی جانب سے کی جانے والی مسلسل امن کوششوں کی تعریف کی اور اسے خطے کے مفاد میں قرار دیا۔
ٹیلی فونک رابطے کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور خاص طور پر آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش کے حوالے سے بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اس تزویراتی آبی گزرگاہ کی بندش سے نہ صرف علاقائی امن متاثر ہوگا بلکہ عالمی معیشت اور توانائی کی ترسیل پر بھی اس کے منفی اور دور رس اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور کویت کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی مشاورت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اسحاق ڈار نے کویتی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی ذرائع بروئے کار لانے پر زور دیا۔