اسلام آباد:پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے تاریخی امریکہ-ایران مذاکرات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ میراتھن مذاکرات کے کئی دور ہوئے، تاہم تاحال فریقین کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے مطابق، یہ مذاکرات مسلسل 24 گھنٹے (جس میں 21 گھنٹے براہِ راست بات چیت شامل تھی) تک جاری رہے۔ اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ انہوں نے بطور نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ان مذاکرات میں بھرپور معاونت فراہم کی۔
پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنا تعمیری اور ثالثی کا کردار مستقبل میں بھی ادا کرتا رہے گا۔ حکومتِ پاکستان نے امید ظاہر کی ہے کہ دونوں ممالک موجودہ جنگ بندی کی پاسداری کریں گے تاکہ خطے کو مزید کشیدگی سے بچایا جا سکے۔
اعلامیہ کے مطابق، مذاکرات میں ایٹمی پروگرام اور آبنائے ہرمز جیسے پیچیدہ معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی، لیکن چند بنیادی نکات پر اتفاق نہ ہو سکا جس کی وجہ سے امریکی وفد واپس روانہ ہو گیا۔ نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی پاکستان کے بہترین انتظامات اور سہولت کاری کو سراہا۔