کراچی: سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے منشیات کے پھیلاؤ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ منشیات کا چیلنج انتہائی خطرناک ہو چکا ہے، جسے اب تک سنجیدگی سے نہیں لیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس مہلک نیٹ ورک کا جڑ سے خاتمہ سندھ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔
بدنام زمانہ ‘انمول پنکی’ کیس پر بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے سخت لہجہ اختیار کیا اور کہا کہ اس معاملے کو بلاوجہ گلیمرائز نہ کیا جائے، کیونکہ وہ معاشرے میں زہر بیچنے والی خاتون ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کیس کی آڑ میں لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے سے گریز کیا جانا چاہیے، اور یاد دلایا کہ منشیات ایک ایسا سنگین مسئلہ ہے جس کا سامنا پوری دنیا کو ہے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران شرجیل میمن نے صوبے میں جاری ترقیاتی کاموں کا حوالہ دیتے ہوئے اعلان کیا کہ سندھ بھر میں میگا پروجیکٹس پر کام تیزی سے پیش رفت کر رہا ہے اور 23 مئی کو ‘شاہراہِ بھٹو’ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا جائے گا، جس سے صوبے کے بنیادی ڈھانچے میں نمایاں بہتری آئے گی۔