اسلام آباد:پاکستان میں عیدالاضحیٰ 27 مئی 2026 کو منائے جانے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب حکومت نے عید کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو وقت سے پہلے تنخواہوں کی ادائیگی کا بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔
قومی خلائی تحقیقی ادارے (سپارکو) کے حکام کے مطابق، 17 مئی کو غروبِ آفتاب کے وقت ذوالحج کے چاند کی عمر تقریباً 18 گھنٹے 30 منٹ ہوگی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر 17 مئی کو مطلع صاف رہا تو چاند نظر آنے کے امکانات انتہائی روشن ہیں۔ اس صورت میں یکم ذوالحج 18 مئی کو ہوگی، جبکہ عیدالاضحیٰ بدھ 27 مئی کو منائی جائے گی۔
وفاقی حکومت نے عید سے قبل سرکاری ملازمین کی مالی مشکلات کے پیشِ نظر تنخواہوں اور پنشن کی جلد ادائیگی کا حکم دے دیا ہے۔ وزارتِ خزانہ نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق تمام سرکاری ملازمین کو مئی کی تنخواہ اور پنشن 22 مئی کو ادا کر دی جائے گی۔
اس فیصلے کا مقصد ملازمین کو عید کی خریداری اور قربانی کے لیے بروقت رقم کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔حکومت کے اس اقدام کو سرکاری ملازمین کی جانب سے سراہا جا رہا ہے، جبکہ محکمہ موسمیات اور رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس 17 مئی کو طلب کیا جائے گا تاکہ چاند کی رویت کا باقاعدہ اعلان کیا جا سکے۔