اسلام آباد : پاکستان نے معاشی محاذ پر ایک تاریخی اور بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے چین کی مالیاتی منڈی میں اپنا پہلا “پانڈا بانڈ” کامیابی سے جاری کر دیا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے پاکستان نے تاریخ میں پہلی بار دنیا کی دوسری بڑی کیپٹل مارکیٹ تک براہِ راست رسائی حاصل کر لی ہے۔
نیونیوز اسلام آباد بیورو چیف جاوید بلوچ کے مطابق وزارتِ خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہےکہ پاکستان کی جانب سے مارکیٹ میں 1.75 ارب یوآن کے پانڈا بانڈز پیش کیے گئے تھے، جس کے جواب میں عالمی سرمایہ کاروں کی طرف سے توقعات سے کہیں بڑھ کر ردعمل سامنے آیا اور مجموعی طور پر 8.8 ارب یوآن کی آفرز موصول ہوئیں۔ پانڈا بانڈز کو ملنے والی یہ 5 گنا زائد سبسکرپشن عالمی برادری اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا پاکستانی معیشت اور جاری معاشی اصلاحات پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔
اس کامیاب پیشکش کی سب سے اہم خصوصیت یہ ہے کہ پاکستان کو یہ خطیر سرمایہ انتہائی سستے داموں یعنی صرف 2.5 فیصد کم شرح سود پر حاصل ہوا ہے، جو موجودہ عالمی معاشی تناظر میں ملک کے لیے ایک بڑا فنانشل ریلیف ہے۔معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ پانڈا بانڈ کے اس کامیاب اجرا سے پاکستان اور چین کے درمیان سٹرٹیجک اور تجارتی تعلقات کے ساتھ ساتھ اب مالیاتی تعاون بھی ایک نئے اور مضبوط ترین دور میں داخل ہو گیا ہے۔ عالمی سرمایہ کاروں کی اس غیر معمولی دلچسپی کو حکومت کی معاشی پالیسیوں کی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق، اس تاریخی پیشکش کی کامیابی دنیا بھر میں پاکستان کی عالمی مالیاتی ساکھ (Financial Credibility) بہتر ہونے کا ایک واضح اور اہم اشارہ ہے، جس سے آنے والے دنوں میں ملک کے لیے مزید بیرونی سرمایہ کاری کے راستے کھلیں گے۔