لاہور:گلگت بلتستان کے آئندہ عام انتخابات کے سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے انتخابی میدان مارنے کے لیے کمر کس لی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے گلگت بلتستان کا ایک بڑا انتخابی دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت وہ 20 مئی سے 26 مئی کے دوران جی بی کے مختلف اضلاع کا طوفانی دورہ کریں گے۔
نمائندہ نیونیوز لاہور وقاص غوری کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ہائی پروفائل انتخابی مہم میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی پارٹی صدر کے ہمراہ ہوں گی۔ نواز شریف اور مریم نواز اپنے 6 روزہ دورے کے دوران گلگت بلتستان کے مختلف انتخابی حلقوں میں جائیں گے اور سکردو، گلگت، چلاس اور ہنزہ میں بڑے عوامی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی منشور پیش کریں گے۔ مریم نواز شریف انتخابی جلسوں میں کارکنوں کا لہو گرمانے کے ساتھ ساتھ خصوصی خطاب بھی کریں گی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے عام انتخابات کے لیے پولنگ 7 جون کو منعقد ہو گی، جس کے لیے یہ دورہ مسلم لیگ (ن) کی مہم کا سب سے اہم مرحلہ تصور کیا جا رہا ہے۔ تاہم، پہاڑی علاقوں میں موسم کی ممکنہ خرابی کی صورت میں قائدین کے اس سفری اور انتخابی پروگرام میں معمولی ردوبدل بھی کیا جا سکتا ہے۔ پارٹی نے دورے کو کامیاب بنانے کے لیے مقامی قیادت کو تیاریاں تیز کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔