مذاکرات کا دوسرا مرحلہ جمعرات کو ہونے کا امکان

مذاکرات کا دوسرا مرحلہ جمعرات کو ہونے کا امکان

واشنگٹن / دوحہ: امریکا اور ایران کے درمیان جوہری پروگرام اور دیگر تصفیہ طلب مسائل پر کسی حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے سفارتی کوششیں فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔ امریکی حکام نے تصدیق کی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ ٹوٹا نہیں بلکہ پسِ پردہ رابطے اب بھی جاری ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق، واشنگٹن اور تہران کے درمیان بیک چینل ڈپلومیسی (پسِ پردہ مذاکرات) متحرک ہے اور دونوں فریقین کسی ٹھوس نتیجے پر پہنچنے کے لیے کوشاں ہیں۔ دوسری جانب، عالمی خبر رساں ادارے الجزیرہ نے رپورٹ کیا ہے کہ مذاکرات کا دوسرا مرحلہ رواں ہفتے جمعرات کو متوقع ہے، جس میں اہم پیش رفت کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
ایک اعلیٰ امریکی عہدیدار نے میڈیا کو بتایا کہ     امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ ختم نہیں ہوا۔    واشنگٹن اب بھی سفارتی حل کو ترجیح دے رہا ہے اور اس سلسلے میں باقاعدہ رابطے موجود ہیں۔    کوشش کی جا رہی ہے کہ موجودہ تعطل کو ختم کر کے ایک پائیدار معاہدے کی بنیاد رکھی جائے۔
ان مذاکرات کا بنیادی مقصد خطے میں کشیدگی کو کم کرنا اور جوہری پروگرام سمیت دیگر اہم معاملات پر ایک ایسا فریم ورک تیار کرنا ہے جو دونوں ممالک کے لیے قابلِ قبول ہو۔ عالمی مبصرین جمعرات کو ہونے والے ممکنہ دوسرے مرحلے کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دے رہے ہیں، کیونکہ یہ ملاقات خطے کی مستقبل کی صورتحال کا تعین کر سکتی ہے۔