لاہور : معروف اداکارہ مومنہ اقبال کی جانب سے ہراسگی کے الزامات کے معاملے پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ نمائندہ نیو نیوز لاہور محمد بلال کے مطابق ادارے نے اداکارہ کی درخواست پر چنیوٹ سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکنِ صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) ثاقب خان چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا خان کو تفتیش کے لیے طلب کر لیا ہے۔ دونوں نامزد ملزمان کو 22 مئی بروز جمعہ پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اداکارہ مومنہ اقبال کی جانب سے دائر کی جانے والی باقاعدہ درخواست کو ڈائری نمبر 37455/26 الاٹ کر کے کارروائی شروع کی گئی ہے۔ اس سے قبل اداکارہ نے سوشل میڈیا پر ایک تفصیلی پوسٹ شیئر کی تھی جس میں انہوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے اور اپنی فیملی کے لیے تحفظ کا مطالبہ کیا تھا۔
مومنہ اقبال نے اپنے مؤقف میں واضح کیا ہے کہ اگر ان کے ساتھ انصاف نہ ہوا اور یہ سلسلہ یوں ہی جاری رہا تو وہ اس معاملے پر باقاعدہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے تمام حقائق عوام کے سامنے لائیں گی۔