لاہور: سموگ سے متعلق درخواستوں پر سماعت کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے تفصیلی تحریری حکم جاری کرتے ہوئے پولیس اور تمام متعلقہ محکموں کو بڑی گاڑیوں کی سخت چیکنگ کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے ہدایت کی ہے کہ تمام گاڑیوں کو ماحولیاتی قواعد کے مطابق معائنہ کیا جائے اور معیار پر پورا اترنے کی صورت میں ہی سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے۔
جسٹس شاہد کریم کی جانب سے جاری پانچ صفحات پر مشتمل حکم نامے میں محکمہ ماحولیات کو آئندہ سماعت پر بڑی گاڑیوں کی انسپکشن رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت بھی شامل ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ سموگ پر قابو پانے کے لیے تمام اداروں کو موثر اور مربوط اقدامات یقینی بنانا ہوں گے۔
عدالت نے واضح کیا کہ قوانین پر عملدرآمد میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور چیکنگ کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنانا ضروری ہے۔