قیوم آباد میں 100 بچوں سے زیادتی کیس کے ملزم کا عدالت میں اعتراف جرم

قیوم آباد میں 100 بچوں سے زیادتی کیس کے ملزم کا عدالت میں اعتراف جرم

کراچی :  کراچی کے جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی عدالت میں قیوم آباد میں کمسن بچوں اور بچیوں سے زیادتی کے کیس کی سماعت کے دوران ملزم شبیر احمد تنولی نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ ملزم کو پولیس نے 11 ستمبر کو گرفتار کیا تھا۔ عدالت میں اس کے خلاف 6 مقدمات درج ہیں جن میں اس نے اعترافی بیان ریکارڈ کرایا۔

شبیر جو کہ ایبٹ آباد کا رہائشی ہے، قیوم آباد میں شربت کا سٹال لگاتا تھا جہاں وہ معصوم بچوں کو جنسی طور پر ہراساں کرتا تھا۔ متاثرہ بچیوں نے جج کے سامنے پیش ہو کر ملزم کی شناخت کی اور عدالت میں بھی بیان دیا کہ یہی ملزم ان کے ساتھ زیادتی کا مرتکب ہوا ہے۔

عدالت نے ملزم کے اعتراف جرم کو ریکارڈ کرتے ہوئے کیس کی مزید کارروائی کے لیے سماعت ملتوی کر دی ہے۔