ایران اسرائیل تنازع پر خاموشی بھارت کو مہنگی پڑ گئی، ش “پاکستان سفارتی طور پر بھارت سے بہت آگے نکل گیا:شی تھرور کا اعتراف
واشنگٹن / نئی دہلی : مشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے پاکستان کے کلیدی اور تعمیری کردار نے عالمی سطح پر بھارت کو سفارتی تنہائی کا شکار کر دیا ہے۔ امریکی جریدے ’’دی نیشنل انٹرسٹ‘‘ نے اپنی تازہ رپورٹ میں مودی حکومت کی خارجہ پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے بوکھلاہٹ کا شکار قرار دیا ہے۔
امریکی جریدے کے مطابق، ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی جنگی صورتحال پر مودی سرکار کی پراسرار خاموشی نے بھارت کے اندر اور باہر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی سرکار کو اپنی مبہم پالیسیوں کی وجہ سے ملک کے اندر شدید سیاسی دباؤ کا سامنا ہے۔ جبکہ بھارت خاموش تماشائی بنا رہا، پاکستان نے ایک متحرک سفارتی کھلاڑی کے طور پر ابھر کر عالمی سطح پر اپنی اہمیت منوا لی ہے۔
بھارت کی بڑی اپوزیشن جماعت کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق سفارت کار ششی تھرور نے بھی اپنی حکومت کی ناکامی کا اعتراف کر لیا ہے۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ’’پاکستان سفارتی محاذ پر بھارت سے کہیں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ مشرقِ وسطیٰ جیسے پیچیدہ معاملات میں پاکستان کا واضح موقف اور امن پسند کردار قابلِ ستائش ہے، جبکہ ہماری پالیسیاں ہمیں تنہائی کی طرف دھکیل رہی ہیں۔
عالمی مبصرین کا کہنا ہے کہ پاکستان نے تہران اور واشنگٹن کے درمیان پل کا کردار ادا کر کے خود کو ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر ثابت کیا ہے۔ دوسری جانب، بھارت کی جانب سے اسرائیل اور ایران دونوں کو بیک وقت خوش رکھنے کی کوشش (دوغلی پالیسی) بری طرح ناکام ہو چکی ہے، جس سے عرب دنیا میں بھی بھارت کا وقار متاثر ہوا ہے۔
سفارتی ماہرین کے مطابق، امریکی جریدے کی یہ رپورٹ اور بھارتی اپوزیشن کا اعتراف اس بات کی دلیل ہے کہ جنوبی ایشیا میں سفارتی برتری اب نئی دہلی کے بجائے اسلام آباد کے پاس ہے۔