صدر الہام علیوف کی قیادت میں آذربائیجان کی ترقی قابلِ تحسین ہے: وزیراعلیٰ پنجاب

صدر الہام علیوف کی قیادت میں آذربائیجان کی ترقی قابلِ تحسین ہے: وزیراعلیٰ پنجاب

باکو: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صدر الہام علیوف کی قیادت میں آذربائیجان کی ترقی قابلِ تحسین ہے۔

ورلڈ اربن فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جامع اور مربوط اقدامات کے ذریعے مختلف چیلنجز پر قابو پا کر ترقی کی جانب پیش رفت جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ورلڈ اربن فورم میں شرکت ان کے لیے باعثِ خوشی ہے، جبکہ انہوں نے آذربائیجان کی قیادت کا شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کی قیادت اور عوام کی جانب سے محبت اور خیر سگالی کا پیغام لے کر آئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ “ستھرا پنجاب” میگا پروجیکٹ کے تحت صوبے میں صفائی کا جامع نظام متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ سماجی اور معاشی ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لیے پنجاب اکنامک رجسٹری سروے بھی شروع کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ “ماڈل ولیج پروگرام” کے تحت دو ہزار دیہات کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے، اور دیہی علاقوں کی ترقی صوبے میں مساوی سہولتوں کی فراہمی کے لیے انتہائی اہم ہے۔