کراچی: معروف پاکستانی گلوکارہ قرۃ العین بلوچ نے شادی کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسے “وقت کا ضیاع” قرار دے دیا ہے۔
گلوکارہ، جنہیں مداح پیار سے “کیو بی” کے نام سے بھی جانتے ہیں، نے ایک یوٹیوب پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران شادی سے متعلق سوال کے جواب میں اپنے مؤقف کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں شادی کا رجحان بعض اوقات خواتین کے لیے زیادہ فائدہ مند نہیں ہوتا، جبکہ مردوں کو اس سے نسبتاً زیادہ فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق کئی تحقیقی رپورٹس بھی اس تاثر کی نشاندہی کرتی ہیں۔
قرۃ العین بلوچ نے مزید کہا کہ شادی کے بعد خواتین کی خوشی کے معیار میں کمی دیکھی گئی ہے، جس سے وہ کسی حد تک اتفاق کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ قرۃ العین بلوچ پاکستانی میوزک انڈسٹری کی ایک مقبول گلوکارہ ہیں، جنہوں نے متعدد مشہور ڈراموں کے او ایس ٹی میں اپنی آواز کا جادو جگایا ہے اور سوشل میڈیا پر ان کے لاکھوں فالوورز موجود ہیں۔