سلہٹ :پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان جاری سلہٹ ٹیسٹ کا دوسرا روز میزبان ٹیم کے نام رہا۔ دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز بنا کر میچ پر اپنی پوزیشن مضبوط کر لی ہے اور اسے پاکستان پر مجموعی طور پر 156 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔
اس سے قبل، بنگلہ دیش کے پہلی اننگز کے 278 رنز کے جواب میں پاکستانی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم محض 232 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، جس کے نتیجے میں بنگلہ دیش کو پہلی اننگز میں 46 رنز کی سبقت ملی۔قومی ٹیم کی جانب سے بابر اعظم نے 68 رنز کی دباؤ میں کھیلی گئی اننگز کے ذریعے مزاحمت کی، جبکہ ٹیل اینڈ پر ساجد خان نے 38 رنز کی قیمتی اننگز کھیل کر ٹیم کو انتہائی کم اسکور پر ڈھیر ہونے اور مکمل تباہی سے بچایا۔
دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے پر بنگلہ دیش نے 110 رنز بنا کر میچ پر گرفت برقرار رکھی ہے۔ کھیل کے تیسرے روز پاکستانی باؤلرز پر میچ کا پورا دارومدار ہوگا کہ وہ میزبان ٹیم کو جلد از جلد آؤٹ کر کے ہدف کو حدِ ممکن میں رکھیں۔