سلہٹ ٹیسٹ میں شکست، بنگلہ دیش نے پاکستان کو ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کر دیا

سلہٹ ٹیسٹ میں شکست، بنگلہ دیش نے پاکستان کو ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کر دیا

سلہٹ:بنگلہ دیش نے پاکستان کو دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 78 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں دو صفر سے تاریخی وائٹ واش کر دیا۔ 437 رنز کے بھاری ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم چوتھی اننگز میں 358 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔ قومی ٹیم سیریز کے دونوں میچوں میں توقعات کے مطابق کارکردگی دکھانے میں بری طرح ناکام رہی۔
رضوان اور ساجد خان کی لڑائی بھی کام نہ آئی
میچ کے آخری روز پاکستان کی جانب سے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے سب سے زیادہ 94 رنز بنا کر بھرپور مزاحمت کی، جبکہ ساجد خان نے بھی لوئر آرڈر میں ان کا ساتھ دیا، تاہم ان کی یہ کوششیں ٹیم کو فتح دلانے کے لیے ناکافی ثابت ہوئیں۔
قومی ٹیم کی جانب سے کپتان شان مسعود اور سلمان علی آغا نے 71، 71 رنز کی اننگز کھیل کر میچ کو بچانے کی کوشش کی۔ اسٹار بلے باز بابر اعظم 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اذان اویس نے 21 رنز بنائے۔ عبداللہ فضل اور سعود شکیل صرف 6، 6 رنز ہی بنا سکے جبکہ حسن علی اور خرم شہزاد کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے اسپنر تیج الاسلام نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 اہم وکٹیں حاصل کیں اور پاکستان کی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔ ان کے علاوہ ناہید رانا نے 2 جبکہ شورف الاسلام اور مہدی حسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو تاریخی کامیابی دلائی۔