اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اہم سیاسی و سفارتی مشن پر وفاقی دارالحکومت پہنچ گئے ہیں۔ اسلام آباد پہنچتے ہی ان کی مصروفیات کا آغاز سفارتی سرگرمیوں سے ہوا ہے۔ ڈپٹی بیوروچیف نیونیوز اسلام آباد آمنہ جنجوعہ کا کہنا ہے کہ ذرائع کے مطابق، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اسلام آباد کے ایک نجی ہوٹل میں بیلجیئم کے شاہی وفد کے اعزاز میں پروقار عشائیے کا اہتمام کیا، جس میں بلاول بھٹو زرداری نے خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری اور شاہی وفد کے ارکان کے درمیان دوستانہ ماحول میں گفتگو ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور سفارتی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بلاول بھٹو کی اسلام آباد میں موجودگی اور حکومتی حلقوں سے متوقع ملاقاتیں آنے والے دنوں میں سیاسی منظر نامے پر اہم اثرات مرتب کر سکتی ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا یہ دورہ سیاسی لحاظ سے بھی انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری اسلام آباد میں قیام کے دوران وفاقی حکومت کے اہم وزراء اور حکومتی اراکین سے ملاقاتیں کریں گے۔ان ملاقاتوں میں ملکی سیاسی صورتحال، مستقبل کی حکمت عملی اور اہم پارلیمانی معاملات پر مشاورت کی جائے گی۔