کوئٹہ :وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ کوئٹہ دھماکہ ایک خودکش حملہ تھا جس میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا، سانحے کے شہداء نے ملک و ملت کے لیے عظیم قربانی دی ہے جس پر پوری قوم انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔ کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے سوگوار خاندانوں کے ساتھ گہری یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ نے دشمن قوتوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی “را” کے پراکسی عناصر بلوچستان میں بدامنی پھیلا کر اسے غیر مستحکم کرنے کی مذموم کوششوں میں مصروف ہیں، تاہم پاکستان اور بلوچستان تمام تر چیلنجز کے باوجود ترقی کی راہ پر گامزن رہیں گے۔ انہوں نے متاثرین کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت دھماکے کے باعث ہونے والے مالی نقصان کا ہر ممکن ازالہ کرے گی۔
میڈیا سے گفتگو کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان نے چمن پھاٹک کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سانحے کے شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی۔ سرفراز بگٹی نے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے بلند درجات اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔