دبئی سے گرفتاری بالاج قتل کیس کا مرکزی ملزم طیفی بٹ کیسے پکڑا گیا؟

دبئی سے گرفتاری بالاج قتل کیس کا مرکزی ملزم طیفی بٹ کیسے پکڑا گیا؟

لاہور: بالاج قتل کیس کے مرکزی ملزم طیفی بٹ کو دبئی سے گرفتار کر لیا گیا ہے، جس کی گرفتاری کے پیچھے ایک دلچسپ حکمت عملی کارفرما رہی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق طیفی بٹ کو دبئی میں ایک دعوت کے دوران گرفتار کیا گیا جہاں پہلے سے دبئی پولیس کے ایکسٹراڈیشن سیل کے ڈی ایس پی خالد وریا موجود تھے۔

ڈی ایس پی خالد وریا کو دو اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے دبئی بھیجا گیا تھا، اور اسی دوران طیفی بٹ بھی ایک فلیٹ میں ہونے والی دعوت میں شریک تھا جہاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ طیفی بٹ اب دبئی پولیس کی حراست میں ہے

ذرائع کے مطابق طیفی بٹ دبئی میں ویزے کی تجدید کے لیے آیا تھا کیونکہ اس کی ویزا معیاد ختم ہو چکی تھی، جس کا فائدہ پولیس نے اٹھایا۔

یاد رہے کہ فروری 2024 میں ٹیپو ٹرکاں والا کے بیٹے امیر بالاج کو شادی کی تقریب کے دوران فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔ اس کیس میں خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ اور عقیل عرف گوگی بٹ کو نامزد کیا گیا تھا۔ جبکہ مرکزی ملزم احسن شاہ پولیس مقابلے میں مارا گیا تھا اور طیفی بٹ ملک سے فرار ہو گیا تھا۔

پولیس نے اس اہم گرفتاری کو کیس کے حل میں ایک بڑا قدم قرار دیا ہے اور بتایا ہے کہ طیفی بٹ کو جلد پاکستان منتقل کیا جائے گا تاکہ قانونی کارروائی مکمل کی جا سکے۔