اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے پاکستان میں متعین امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے اہم ملاقات کی ہے، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی تازہ ترین صورتحال اور پاک، امریکہ تعلقات سمیت علاقائی امن پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کے انعقاد کے حوالے سے جاری سفارتی کوششوں پر غور کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ تنازع کے دیرپا حل کے لیے سفارتی چینلز کا تسلسل ناگزیر ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع کا فیصلہ خوش آئند ہے اور پاکستان اس کا خیر مقدم کرتا ہے۔ پاکستان کو امید ہے کہ ایران کی جانب سے بھی امن کی سمت میں مثبت پیش رفت دیکھنے کو ملے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر مسئلے کے پرامن حل کے لیے بھرپور سفارتی اور تزویراتی کوششیں کر رہے ہیں۔امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے خطے میں قیامِ امن اور تنازعات کے حل کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔ انہوں نے اس بات کی توثیق کی کہ خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشیں اہمیت کی حامل ہیں۔