خطے میں امن و استحکام کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق

خطے میں امن و استحکام کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے۔ دوستانہ اور خوشگوار ماحول میں ہونے والی اس گفتگو میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی وزیر خارجہ کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے وفد کی اسلام آباد آمد کا خیرمقدم کیا اور اسے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط سفارتی کڑی قرار دیا۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنی مخلصانہ اور سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گا۔ صدر مسعود پزشکیان نے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستانی قیادت کے متحرک کردار کو سراہا۔ انہوں نے خصوصی طور پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،        نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی کاوشوں کا شکریہ ادا کیا۔        
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تہران اور اسلام آباد کے درمیان قریبی تعاون ناگزیر ہے۔ صدر پزشکیان نے امن کی کوششوں میں پاکستان کے کلیدی کردار کو سراہتے ہوئے مستقبل میں بھی مشترکہ حکمتِ عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔