لاہور:پنجاب میں قائم خصوصی پولیس سٹیشنز میں سی سی ٹی وی کیمروں کی عدم تنصیب کا انکشاف ہوا ہے، جس کے باعث نہ صرف سیکیورٹی کا نظام متاثر ہو رہا ہے بلکہ شفافیت اور نگرانی کے دعوے بھی مشکوک ہوتے جا رہے ہیں۔
نمائندہ نیو نیوز لاہور ادریس شیخ کے مطابق حکام کی جانب سے محکمہ داخلہ پنجاب کو بھیجی گئی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان اسٹیشنز میں اہم ترین مقامات پر کیمرے نصب نہیں کیے گئے۔ ان مقامات میں تفتیشی کمرے، ریکارڈ روم، محرر روم، ویٹنگ ایریا اور اسٹور روم شامل ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بیشتر پولیس اسٹیشنز میں صرف چار سے پانچ کیمرے لگائے گئے ہیں، جو صرف اسٹیشن کے اگلے حصے اور لاک اپ ایریا تک محدود ہیں۔ اس محدود نگرانی سے نہ صرف کئی مشتبہ سرگرمیاں نظروں سے اوجھل رہتی ہیں بلکہ شواہد کے تحفظ میں بھی مشکلات پیش آتی ہیں۔
مزید یہ کہ ان سٹیشنز میں کوئی مانیٹرنگ ڈسپلے سسٹم موجود نہیں جس سے افسران کو براہ راست نگرانی کا موقع مل سکے۔ نہ ہی موجودہ کیمروں میں وہ سہولت موجود ہے جو کم از کم 15 دن کی ویڈیو بیک اپ ریکارڈ محفوظ رکھ سکے۔
رپورٹ محکمہ داخلہ کو ارسال کی گئی، تاہم ذرائع کے مطابق نہ تو کوئی جواب دیا گیا اور نہ ہی متعلقہ اجلاس منعقد کیا گیا۔ رپورٹ میں یہ صورت حال SIPs (Special Initiative Police Stations) کی گائیڈ لائنز کی صریح خلاف ورزی قرار دی گئی ہے۔
رپورٹ میں فوری اقدامات کی سفارش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مکمل نگرانی کا نظام نہ صرف پولیس اسٹیشنز کے داخلی نظم و ضبط کو بہتر کرے گا، بلکہ عوامی اعتماد، شفافیت اور انصاف کی فراہمی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔