جوڈیشل کمیشن کا ہنگامی اجلاس آج جسٹس بابر ستار کا چیف جسٹس کو خط 5 ججز کے نام

جوڈیشل کمیشن کا ہنگامی اجلاس آج جسٹس بابر ستار کا چیف جسٹس کو خط 5 ججز کے نام

اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے تبادلے کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن کا اہم اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے۔ اجلاس سے قبل جسٹس بابر ستار کی جانب سے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو لکھے گئے خط اور خود چیف جسٹس کی جانب سے اس اجلاس کی مخالفت نے معاملے کو مزید حساس بنا دیا ہے۔
جسٹس بابر ستار نے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس سے قبل چیف جسٹس پاکستان کو خط ارسال کیا ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ  آرٹیکل 200 کے تحت تبادلے کے معاملے پر کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے انہیں ذاتی طور پر سنا جائے۔ انہوں نے موقف اپنایا کہ ٹرانسفر کے عمل سے قبل کمیشن کے اجلاس میں ان کا موقف ریکارڈ پر آنا ضروری ہے۔
آج کے اجلاس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے درج ذیل پانچ ججز    جسٹس بابر ستار،    جسٹس محسن اختر کیانی،    جسٹس ثمن رفعت امتیاز،    جسٹس ارباب محمد طاہر،     جسٹس خادم حسین سومرو  کے تبادلے کی فہرست پر غور کیا جائے گا۔ 
ایک اہم پیش رفت یہ سامنے آئی ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی نے ججز کے تبادلے کے لیے اس اجلاس کو بلانے کی مخالفت کی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس کے تحفظات کے باوجود کمیشن کا اجلاس آج منعقد ہو رہا ہے، جس سے عدالتی حلقوں میں مختلف سوالات جنم لے رہے ہیں۔