تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری گرمی کا زور ٹوٹ گیا

تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری گرمی کا زور ٹوٹ گیا

لاہور: صوبائی دارالحکومت میں موسم نے اچانک کروٹ بدل لی، شہر کے مختلف علاقوں میں کالے بادلوں کے ڈیرے اور گرج چمک کے ساتھ ہونے والی تیز بارش اور ژالہ باری نے شدید گرمی کا زور توڑ دیا۔
لاہور کے علاقوں مال روڈ، جیل روڈ، گلبرگ اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، جس سے تپتے ہوئے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی اور شہریوں کے مرجھائے ہوئے چہرے کھل اٹھے۔ اچانک ہونے والی اس تبدیلی سے موسم انتہائی خوشگوار ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، یہ بارش برسانے والا سسٹم زیادہ طاقتور نہیں ہے اور بادل جلد کلیئر ہو جائیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس عارضی ریلیف کے بعد دوبارہ گرمی کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
بارش کے پیشِ نظر ایم ڈی واسا نے ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ نکاسِ آب کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے آپریشنل اسٹاف کو فیلڈ میں رہنے کی سخت ہدایات دی گئی ہیں تاکہ شہر کی اہم شاہراہوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع نہ ہو سکے۔