اسلام آباد :عالمی سطح پر پاکستان کی بڑھتی ہوئی سفارتی اہمیت اور امن کی کوششوں کے خلاف بھارت اور اسرائیل کی منظم پروپیگنڈا مہم بری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ غیر ملکی نشریاتی ادارے ‘سی بی ایس’ (CBS) کی جانب سے ایرانی طیاروں کی پاکستان میں موجودگی کے حوالے سے کیا گیا دعویٰ من گھڑت اور ایک گہری سازش کا حصہ ثابت ہوا ہے۔
تحقیقاتی ذرائع کے مطابق، امریکی نشریاتی ادارہ سی بی ایس، ‘پیراماؤنٹ گلوبل’ کی ملکیت ہے، جس کے کاروباری روابط ریلائنس نیٹ ورکس سے جڑے ہوئے ہیں۔ ریلائنس نیٹ ورکس کے مالک معروف بھارتی کاروباری شخصیت مکیش امبانی ہیں، جنہیں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا انتہائی قریبی ساتھی اور انتہا پسندانہ پالیسیوں کا مالی معاون سمجھا جاتا ہے۔
پاکستان کی مؤثر سفارتکاری نے یہ ثابت کیا ہے کہ ایرانی طیاروں سے متعلق خبریں محض ایک منظم پروپیگنڈا تھا جس کا مقصد برادر اسلامی ممالک کے درمیان خلیج پیدا کرنا اور خطے میں پاکستان کے امن پسندانہ تشخص کو نقصان پہنچانا تھا۔ اس مہم میں اسرائیل اور بھارت کے مفادات کا اشتراک واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان عالمی امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا اور اس طرح کی “فیک نیوز” یا من گھڑت مہمات سے پاکستان کے دفاعی اور سفارتی عزائم کو کمزور نہیں کیا جا سکتا۔ عالمی برادری میں اب یہ حقیقت واضح ہو چکی ہے کہ بھارتی سرمایہ کاری کو بین الاقوامی میڈیا ہاؤسز کے ذریعے مخصوص سیاسی ایجنڈے کی تکمیل کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔