اسلام آباد: پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں بھارت کے یکطرفہ اور بلاجواز اقدامات کے جواب میں پاکستان نے اپنی فضائی حدود بند کر کے بھارتی معیشت کو زوردار ضرب لگائی ہے۔ ماہرین کے مطابق، اس فیصلے سے بھارتی ایئرلائنز کو سالانہ اربوں روپے کے خسارے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
پاکستان کی جانب سے فضائی حدود کی بندش کے نتیجے میں بھارتی پروازوں کو اب طویل متبادل راستے اختیار کرنے پڑ رہے ہیں۔ ابتدائی تخمینوں کے مطابق بھارتی ایئرلائنز کو ہر سال تقریباً 800 ملین ڈالر کا اضافی مالی بوجھ برداشت کرنا پڑ سکتا ہے۔ طویل راستوں کی وجہ سے ایندھن کے اخراجات میں بھاری اضافہ اور پروازوں کے اوقات کار متاثر ہونے سے بھارتی ہوا بازی کی صنعت شدید دباؤ کا شکار ہو گئی ہے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے پہلگام فالس فلیگ کی آڑ میں خطے کے امن کو داؤ پر لگانے کی کوشش کی، جس کے جواب میں پاکستان نے اپنی فضائی حدود بند کرنے کا خود مختار فیصلہ کیا۔ یہ اقدام بھارت کی جانب سے کیے گئے یکطرفہ اقدامات کا بھرپور اور موثر جواب ثابت ہوا ہے۔
پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے نہ صرف بھارت کی مقامی ایئرلائنز بلکہ بھارت سے مغرب کی جانب جانے والی بین الاقوامی پروازیں بھی متاثر ہو رہی ہیں، جس سے بھارت پر عالمی سطح پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔