نئی دہلی: مودی سرکار کی کسان مخالف اور ظالمانہ معاشی پالیسیوں کے خلاف بھارتی کسان ایک بار پھر سڑکوں پر نکل آئے ہیں، جبکہ نامور بھارتی اخبار “دی ٹیلی گراف انڈیا” نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں مودی حکومت کے کسان دشمن اقدامات کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، چندی گڑھ میں اپنے حقوق کے حق میں پرامن مظاہرہ کرنے والے کسانوں کو مودی انتظامیہ نے وحشیانہ طاقت کے ذریعے روکنے کی کوشش کی۔ چندی گڑھ پولیس نے کسانوں کے احتجاج کو کچلنے کے لیے ان پر آنسو گیس کی شیلنگ کی اور واٹر کینن کا بے دریغ استعمال کیا۔
اخباری رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پولیس کے اس لاٹھی چارج اور تشدد کے نتیجے میں متعدد کسان شدید زخمی ہو گئے، جبکہ پولیس نے بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی کسانوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ کسان رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مودی سرکار کے اِس فاشسٹ ہتھکنڈے کے باوجود کسان اپنے حقوق سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور احتجاج کا یہ سلسلہ ملک گیر سطح پر پھیلایا جائے گا۔