بنگلہ دیشی ٹائیگرز  نےپاکستان کو ڈھاکہ ٹیسٹ میں شکست دے کر فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی

بنگلہ دیشی ٹائیگرز  نےپاکستان کو ڈھاکہ ٹیسٹ میں شکست دے کر فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی

ڈھاکہ:بنگلہ دیش نے ڈھاکہ ٹیسٹ میں پاکستان کو 104 رنز سے پچھاڑ کر کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار گرین شرٹس کے خلاف مسلسل تیسری ٹیسٹ جیت کا کارنامہ انجام دے دیا ہے۔ 268 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے والی پاکستانی ٹیم میزبان باؤلرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم صرف 163 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں کوئی بھی بیٹر ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کر سکا۔ ون ڈاؤن پوزیشن پر آنے والے عبداللہ فضل نے 66 رنز بنا کر مزاحمت کی کوشش کی، لیکن دوسرے اینڈ سے کوئی بھی کھلاڑی ان کا ساتھ دینے میں ناکام رہا۔
مڈل اور لوئر آرڈر کے کھلاڑی ناہید رانا کی برق رفتار گیندوں کا سامنا نہ کر سکے اور وقفے وقفے سے پویلین لوٹتے رہے۔بنگلہ دیشی فاسٹ باؤلر ناہید رانا میچ کے مردِ میدان ثابت ہوئے، جنہوں نے شاندار لائن اور لینتھ کے ساتھ باؤلنگ کرتے ہوئے 5 پاکستانی بیٹرز کو آؤٹ کیا اور ٹیم کی جیت کی راہ ہموار کی۔
بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز 240 رنز 9 وکٹوں پر ڈکلیئر کر کے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ پاکستانی ٹیم، جو کہ پہلی اننگز میں بھی مشکلات کا شکار تھی، دوسری اننگز میں بھی دباؤ کا شکار رہی اور ایک بار پھر کم اسکور پر آؤٹ ہو کر میچ اور سیریز گنوا بیٹھی۔
بنگلہ دیش نے اس جیت کے ساتھ ہی پاکستان کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں مسلسل تیسری فتح سمیٹ لی ہے، جو کہ عالمی کرکٹ میں پاکستان کی گرتی ہوئی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔