بجٹ 2026-2027؛ وفاقی حکومت اور پیپلز پارٹی میں باقاعدہ رابطے بحال، دونوں جماعتوں کے وفود کی آج شام اہم بیٹھک، پی پی نے تجاویز تیار کر لیں

بجٹ 2026-2027؛ وفاقی حکومت اور پیپلز پارٹی میں باقاعدہ رابطے بحال، دونوں جماعتوں کے وفود کی آج شام اہم بیٹھک، پی پی نے تجاویز تیار کر لیں

اسلام آباد : آئندہ مالی سال 2026-2027 کے ترقیاتی بجٹ کی تیاریوں کے سلسلے میں سیاسی محاذ پر بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وفاقی حکومت اور اس کی اہم اتحادی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان بجٹ کے معاملے پر باقاعدہ رابطے بحال ہو گئے ہیں۔  ڈپٹی بیوروچیف  اسلام آباد     نیونیوز آمنہ جنجوعہ کا کہنا ہے کہ د دونوں جماعتوں کے اعلیٰ سطحی وفود آج شام ایک اہم ترین مشاورتی اجلاس میں سر جوڑ کر بیٹھیں گے۔
حکومت نے بجٹ کو متفقہ اور بلا رکاوٹ منظور کروانے کے لیے پیپلز پارٹی سے باقاعدہ طور پر بجٹ تجاویز مانگ لی ہیں۔ دوسری جانب، پیپلز پارٹی کی خصوصی بجٹ کمیٹی نے بھی پچھلے کئی روز کی اندرونی مشاورت کے بعد اپنی سفارشات اور عوامی ریلیف پر مبنی تجاویز کو حتمی شکل دے دی ہے۔
ملاقات کے ایجنڈے پر گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق اسپیکر راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا آج شام ہونے والی اہم ملاقات میں پیپلز پارٹی کا وفد پہلے معاشی محاذ پر حکومت کی بات اور ان کا مؤقف سنے گا، جس کے بعد ہم اپنی تیار کردہ بجٹ تجاویز اور مطالبات باقاعدہ طور پر حکومت کے سامنے رکھیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی تجاویز میں ترقیاتی منصوبوں، زراعت کے شعبے اور تنخواہ دار طبقے کے لیے ریلیف کو شامل کیا گیا ہے۔ سیاسی و معاشی ماہرین کے مطابق، آئی ایم ایف کی کڑی شرائط کے درمیان حکومت کے لیے اتحادیوں کو بجٹ پر راضی رکھنا ایک بڑا امتحان ہے اور آج شام ہونے والی یہ ملاقات نئے بجٹ کی سمت طے کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔