بجٹ میں تنخواہ دار طبقے اور مظلوموں کا لحاظ رکھا جائے گا، مکار دشمن مسلم دنیا کو آپس میں الجھانا چاہتا ہے: رانا ثناء اللہ

بجٹ میں تنخواہ دار طبقے اور مظلوموں کا لحاظ رکھا جائے گا، مکار دشمن مسلم دنیا کو آپس میں الجھانا چاہتا ہے: رانا ثناء اللہ

اسلام آباد :وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ بجٹ میں مظلوم اور تنخواہ دار طبقے کا خصوصی لحاظ رکھنے کے لیے کوشاں ہے اور ایسی تجاویز پر کام کیا جا رہا ہے جس سے عوام کو براہِ راست ریلیف مل سکے۔ تاہم، موجودہ عالمی حالات اور جنگی صورتحال کے باعث ریلیف کی شرح میں کچھ فرق آ سکتا ہے، ورنہ وزیراعظم شہباز شریف کا پروگرام عوام کو بہت بڑا ریلیف دینے کا تھا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے پنجاب کے انتظامی ماڈل کی تعریف کی اور کہا کہ وہاں لوگوں کو کسی جگہ لائنوں میں لگنے یا ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج پوری دنیا پاکستان کو امن کے پاسدار کے طور پر دیکھ رہی ہے اور ہماری پالیسیوں کی بدولت پورے خطے کو امن حاصل ہوگا۔

انہوں نے کامیاب ملکی حکمتِ عملی پر عسکری و سیاسی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل مبارکباد کے مستحق ہیں، جنہوں نے اپنی دانشمندانہ کوششوں سے عالمی سطح پر قوم کو سرخرو کیا ہے۔

رانا ثناء اللہ نے دشمن کی چالوں سے پردہ اٹھاتے ہوئے خبردار کیا کہ اسرائیل اور نیتن یاہو جیسے مکار دشمن کی ہمیشہ یہ خواہش رہی ہے کہ مسلم امہ آپس میں الجھی رہے، جبکہ دوسری جانب بھارت نے ‘سندور فیز 2’ کے نام سے نئی دہشت گردی کا آغاز کر رکھا ہے، لیکن پاکستان دشمن کے تمام عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پوری طرح الرٹ ہے۔