باکو / لاہور: آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں پنجاب حکومت کا انقلابی منصوبہ “اپنی چھت اپنا گھر” عالمی سطح پر متبادل ہاؤسنگ ماڈل کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے، جہاں قائم کیا گیا خصوصی پویلین غیر ملکی وفود کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اس تاریخی منصوبے کو بین الاقوامی برادری کے سامنے خود شوکیس کریں گی۔
پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے منصوبے کی کامیابی پر روشنی ڈالتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ دنیا کا سب سے بڑا اور منفرد عوامی ہاؤسنگ پروگرام ہے، جس کے تحت اب تک 1 لاکھ گھر کامیابی سے مکمل کیے جا چکے ہیں جبکہ 60 ہزار گھروں پر تعمیراتی کام تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کا ہدف 5 سال کے دوران 5 لاکھ مستحق خاندانوں کو چھت فراہم کرنا ہے۔
مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ترقیاتی کام فائلوں میں دبنے کے بجائے گراؤنڈ پر نظر آتے ہیں۔ انہوں نے سخت الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے کہا کہ جو عناصر کارکردگی اور عوامی خدمت کی دوڑ میں مریم نواز کا مقابلہ کرنے کی سکت نہیں رکھتے، اب انہیں وزیراعلیٰ کے جوتوں پر بھی اعتراضات اور تکلیف ہو رہی ہے۔