تہران :ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کڑے الفاظ میں دشمن قوتوں کو متنبہ کیا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ مل کر ایران کے خلاف سازشیں کرنے والوں سے کڑا حساب لیا جائے گا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کے عظیم عوام کے ساتھ دشمنی مول لینا ایک “احمقانہ جوا” ثابت ہوگا، جس میں ہارنے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہوگی۔ انہوں نے دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام کے خلاف اسرائیلی گٹھ جوڑ ایک ایسی حقیقت ہے جسے کبھی معاف نہیں کیا جا سکتا۔
عباس عراقچی نے مزید کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی جانب سے کیے جانے والے حالیہ انکشافات میں تہران کے لیے کچھ بھی نیا نہیں ہے، کیونکہ ایرانی سکیورٹی اور انٹیلی جنس ادارے ان تمام معاملات کے بارے میں بہت پہلے ہی اپنی قیادت کو باخبر کر چکے تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کے دفاعی ادارے دشمن کی ہر نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی کوشش کا سختی سے محاسبہ کیا جائے گا۔