واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک حالیہ بیان میں ایران کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے بڑے دعوے کر دیے ہیں۔ صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ تہران اس وقت شدید ترین دباؤ اور “تباہی” کی حالت میں ہے اور وہ آبنائے ہرمز کی بندش سے جان چھڑانا چاہتا ہے۔
امریکی صدر نے انکشاف کیا کہ ایرانی قیادت چاہتی ہے کہ امریکہ آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی فوری طور پر ختم کر دے۔ انہوں نے کہا ایران چاہتا ہے کہ ہم جلد از جلد آبنائے ہرمز کھول دیں، ایران نے ہمیں ابھی مطلع کیا ہے کہ وہ تباہی کی حالت میں ہیں اور ان کی پوزیشن انتہائی کمزور اور مشکل ہو چکی ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں ایران کی اندرونی خلفشار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے لوگ اپنی قیادت کی موجودہ صورتحال کو سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تہران انتظامیہ اپنی قیادت کو درپیش بحران کو سنبھالنے کی کوشش کر رہی ہے، اور “میرا ماننا ہے کہ وہ اسے سنبھال لیں گے۔صدر ٹرمپ کا دعویٰ ہے کہ ایران اس وقت تاریخ کی بدترین پوزیشن میں ہے۔ آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ختم کروانے کی خواہش ایران کی مجبوری بن چکی ہے۔