ایران اور امریکا میں ممکنہ معاہدے کے لیے اہم پیش رفت؛ اعلیٰ سطح کا ایرانی وفد دوحہ پہنچ گیا

ایران اور امریکا میں ممکنہ معاہدے کے لیے اہم پیش رفت؛ اعلیٰ سطح کا ایرانی وفد دوحہ پہنچ گیا

دوحہ/تہران :خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے اور ایران و امریکا کے درمیان معطل سفارتی عمل کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی پر مشتمل اعلیٰ سطح کا ایرانی وفد قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچ گیا ہے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی وفد کی قطر کے وزیراعظم سے اہم ترین ملاقات متوقع ہے، جس میں ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ معاہدے کے خدوخال اور خطے میں جاری کشیدگی کے مستقل خاتمے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ملاقات کے ایجنڈے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس دوران مختلف بین الاقوامی بینکوں میں منجمد کیے گئے ایرانی فنڈز کے فوری اجرا اور ایران کے پاس موجود افزودہ یورینیم کے ذخائر کے مستقبل سے متعلق کلیدی امور پر بھی بات چیت ہوگی۔
واضح رہے کہ قطر طویل عرصے سے تہران اور واشنگٹن کے درمیان بالواسطہ مذاکرات اور سفارتی تنازعات کے حل کے لیے ایک اہم ثالث کا کردار ادا کرتا رہا ہے، اور موجودہ حالات میں ایرانی وفد کے اس دورے کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔