تہران: پاکستان کی جانب سے ایران اور امریکا کے مابین ثالثی اور سفارتی پیغامات کے تبادلے کی کوششوں میں غیر معمولی تیزی آ گئی ہے۔ وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی ایک ہی ہفتے کے دوران اپنے دوسرے ہنگامی اور انتہائی اہم دورے پر تہران پہنچے ہیں، جہاں انہوں نے ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے تفصیلی ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران ایران اور امریکا کے مابین مستقل جنگ بندی کے امکانات، سفارتی مذاکرات کی بحالی اور مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی صورتحال کا گہرائی سے جائزہ لیا گیا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق محسن نقوی کا یہ دورہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے جاری ان اہم کوششوں کا حصہ ہے جس میں پاکستان دونوں ممالک کے مابین بالواسطہ رابطوں کو فعال بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے خطے کو کسی بڑے بحران سے بچانے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔