تہران :ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور اسلام آباد مذاکرات کے بعد ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا اہم ترین ردعمل سامنے آگیا ہے۔ صدر مسعود پزشکیان نے امریکی رویے کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مذاکرات کی کامیابی کا انحصار واشنگٹن کے برابری کی سطح پر رویہ اپنانے میں ہے۔
ایرانی صدر نے مذاکرات کی بحالی اور معاہدے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکومت کو اپنا “آقا” بننے کا خبط ترک کرنا ہوگا۔ جب تک امریکہ خود کو سب سے برتر سمجھنے کی پالیسی پر قائم ہے، معاہدے کی راہیں ہموار نہیں ہو سکتیں۔ایرانی قوم کے حقوق اور ان کی خود مختاری کا احترام کیا جانا شرطِ اول ہے۔ اگر حقوق تسلیم کیے جائیں تو مذاکرات نتیجہ خیز ثابت ہو سکتے ہیں۔
صدر مسعود پزشکیان نے اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ مذاکرات میں ایرانی وفد کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا میں اپنی مذاکراتی ٹیم اور ڈاکٹر باقر قالیباف کی انتھک خدمات کو سراہتا ہوں۔ انہوں نے مشکل حالات میں ایرانی موقف کو جس طرح پیش کیا وہ قابلِ تحسین ہے۔ اللہ تعالیٰ ہماری ٹیم کو مزید طاقت دے۔