امن مذاکرات میں پاکستان کے کردار پر قراردادِ تشکر منظور

امن مذاکرات میں پاکستان کے کردار پر قراردادِ تشکر منظور

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے کابینہ کو خطے کی موجودہ صورتحال اور پاکستان کی جانب سے کی جانے والی امن کوششوں سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

اجلاس میں وفاقی کابینہ نے متفقہ طور پر امن مذاکرات میں پاکستان کے کردار پر قراردادِ تشکر منظور کی، جس میں ایران اور امریکہ کے درمیان تاریخی امن مذاکرات کے انعقاد پر وزیراعظم، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

قرارداد میں کہا گیا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو خطے اور دنیا میں امن کے فروغ کا اہم موقع عطا کیا، اور کابینہ اس پر ربِ ذوالجلال کے حضور سجدہ شکر ادا کرتی ہے۔

مزید کہا گیا کہ پاکستان نے اپنی قیادت اور معاون ٹیموں کے ساتھ مل کر دو متحارب فریقین کو مذاکرات کی میز پر بٹھایا، جس کے نتیجے میں تقریباً نصف صدی سے جاری تعطل ختم ہوا۔

قرارداد میں یہ بھی کہا گیا کہ سینیٹر اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل نے شب و روز محنت اور تدبر کے ساتھ معاملات کو کامیابی سے آگے بڑھایا۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان کا یہ کردار عالمی تاریخ میں یاد رکھا جائے گا، اور دعا کی گئی کہ ملک کی قیادت کی یہ کوششیں خطے میں پائیدار امن کا باعث بنیں۔