راولپنڈی: پاک افواج کی جانب سے افغان سرحدی علاقے میں کی گئی مبینہ انسدادِ دہشتگردی کارروائی سے متعلق دستاویزی سیریز “جرأت کے نشان” کا نیا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان آرمڈ فورسز کی یہ قسط 25 تا 27 اپریل 2025 کے دوران ہونے والی کارروائی پر مبنی ہے، جس میں سرحد پار دہشتگردی میں ملوث عناصر کے خلاف آپریشن کی تفصیلات پیش کی گئی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے ایک بڑے نیٹ ورک کو نشانہ بنایا گیا جو مبینہ طور پر پاکستان میں حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھا۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق یہ آپریشن سرحدی علاقوں میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے کیا گیا۔
ٹیزر میں اس کارروائی کو پیشہ ورانہ مہارت، حکمت عملی اور جرأت کا مظہر قرار دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دستاویزی سیریز “جرأت کے نشان” کا مقصد عوام کو سیکیورٹی فورسز کی انسدادِ دہشتگردی کارروائیوں اور درپیش چیلنجز سے آگاہ کرنا ہے۔