بیجنگ/ماسکو:افغانستان سے ابھرنے والے سیکیورٹی خطرات پر دو بڑی عالمی طاقتوں، چین اور روس نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے افغان سرزمین کو علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کے لیے بڑا خطرہ قرار دے دیا ہے۔
چینی اور روسی صدور کے مابین ہونے والی ایک اہم ملاقات کے بعد دونوں ممالک کی جانب سے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے، جس میں افغانستان کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق، افغان سرزمین سے جنم لینے والی دہشت گردی اور انتہا پسندی نہ صرف پڑوسی ممالک بلکہ عالمی امن کے لیے بھی ایک سنگین خطرہ ہے۔
دونوں عالمی طاقتوں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ افغانستان سے پھیلتے ہوئے اس خطرے اور سرحد پار دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا اور اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کو مزید بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔