لاہور/راولپنڈی :پاکستان سپر لیگ کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں، جہاں اسلام آباد یونائیٹڈ نے حیدر آباد کنگز مین کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے کر باضابطہ طور پر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
حیدر آباد کنگز مین کی ٹیم اسلام آباد کے باؤلرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور یونائیٹڈ کو جیت کے لیے محض 81 رنز کا معمولی ہدف دیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ ہدف صرف 7ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے اپنی نیٹ رن ریٹ میں بھی زبردست بہتری لائی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جیت کے ساتھ ہی پلے آف کی تصویر مزید واضح ہو گئی ہے۔ پشاور زلمی اور ملتان سلطانز پہلے ہی اگلے مرحلے کے لیے اپنی جگہ پکی کر چکے ہیں، اور اب اسلام آباد یونائیٹڈ بھی اس دوڑ میں شامل ہو گئی ہے۔لیگ میں آج دو اہم میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مقابلہ کراچی کنگز سے ہوگا۔ دوسرے میچ میں لاہور قلندرز کی ٹیم پشاور زلمی کے مدمقابل آئے گی۔