اسلام آباد: وفاقی حکومت نے دارالحکومت میں تاجر برادری اور شہریوں کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے کفایت شعاری اقدامات کے تحت عائد پابندیوں میں عارضی نرمی کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے اس فیصلے کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، وفاقی حکومت کی جانب سے رواں سال 6 اپریل کو نافذ کیے گئے سخت کفایت شعاری کے اقدامات کو 31 مئی تک کے لیے نرم کر دیا گیا ہے۔ اس نئی رعایت کے تحت اسلام آباد کے تمام بازاروں، مارکیٹوں اور کاروباری مراکز کو رات 8 بجے دکانیں بند کرنے کی پابندی سے مکمل استثنیٰ دے دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حکومت کے اس فیصلے کا بنیادی مقصد عیدالفطر کی آمد اور بڑے پیمانے پر ہونے والی تجارتی سرگرمیوں کے پیشِ نظر کاروباری برادری کو سہولت فراہم کرنا ہے، تاکہ عید کی خریداری کے سیزن میں تجارتی پہیہ بلا تعطل چل سکے اور عوام کو بھی آسانی ہو۔