اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے وزارت داخلہ اور سی ڈی اے نے مشترکہ طور پر ایک بڑا کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کی براہِ راست نگرانی میں ہونے والے اس آپریشن کے دوران میریٹ ہوٹل اور ایوب چوک کے قریب گرین بیلٹ پر قائم ایف سی (FC) کیمپ آفس کو بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد کے قلب میں واقع ایوب چوک اور میریٹ ہوٹل کے اطراف گرین بیلٹ پر کی گئی تمام غیر قانونی تعمیرات کو گرا دیا گیا ہے۔آپریشن کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ چیئرمین سی ڈی اے بھی موجود تھے، جنہوں نے موقع پر موجود عملے کو ہدایات جاری کیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کارروائی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دو ٹوک موقف اختیار کیا کہ اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف یہ مہم بلا تفریق جاری رہے گی۔ ہم کسی بھی قسم کے سیاسی یا ادارہ جاتی دباؤ کو خاطر میں نہیں لائیں گے۔ سرکاری اراضی پر قبضے اور غیر قانونی تعمیرات کو ہر صورت ختم کیا جائے گا۔