کراچی: پاکستانی اداکارہ رمشا خان نے اپنے ساتھی اداکار خوشال خان کے ساتھ شادی کی تصدیق کر دی ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر پھیلنے والی تمام افواہیں دم توڑ گئی ہیں۔
گزشتہ کئی روز سے دونوں فنکاروں کی شادی سے متعلق خبریں زیرِ گردش تھیں، جبکہ بعض معروف شخصیات کی جانب سے بھی اس کی غیر رسمی تصدیق کی گئی تھی۔ بعد ازاں نکاح کی ایک تصویر منظر عام پر آنے کے بعد مداحوں کی دلچسپی مزید بڑھ گئی۔
اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے تصاویر کے غیر مجاز طور پر وائرل ہونے پر سخت ناراضی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی تصاویر اجازت کے بغیر لیک کی گئیں جو کہ اخلاقی اصولوں کے خلاف ہے، اور سوشل میڈیا پیجز سے مطالبہ کیا کہ وہ یہ تصاویر فوری طور پر ہٹا دیں۔
رمشا خان نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ اپنی نجی زندگی کو ذاتی رکھنے کی قائل رہی ہیں اور آئندہ بھی اسی اصول پر قائم رہیں گی۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ یہ ان کی ذاتی زندگی ہے، اسے ہیڈلائنز نہ بنایا جائے اور ان کی پرائیویسی کا احترام کیا جائے۔